عالمی سطح پر تلنگانہ کو شوکیس کرنے کا موقع، 100 ممالک کے مندوبین تلنگانہ اسکیمات سے متاثر
حیدرآباد /27 اپریل، ( سیاست نیوز) بھارت سمٹ کے کامیاب انعقاد سے تلنگانہ حکومت کو عالمی سطح پر ترقیاتی و فلاحی اسکیمات کو شوکیس کرنے میں اہم کامیابی ملی ہے۔ سمٹ کے کامیاب انعقاد اور کانگریس قائد راہول گاندھی کی شرکت کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کامیابی قرار دیا جارہا ہے جنہوں نے سمٹ کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کیا۔ سمٹ میں 100 سے زائد ممالک کے 450 سے زائد مندوبین نے شرکت کی جن میں مختلف ممالک کے وزراء، سابق وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور سیول سوسائٹی کی شخصیتیں شامل ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت کابینہ نے بھارت سمٹ کے کامیاب انعقاد میں اہم رول ادا کیا۔ کانگریس کے کئی سرکردہ قائدین نے سمٹ میں شرکت کی جن میں سلمان خورشید، پون کھیرا اور ڈگ وجئے سنگھ شامل ہیں۔ آل انڈیا کانگریس کے مختلف شعبہ جات کے قائدین نے بھی سمٹ میں حصہ لے کر عالمی امن، انصاف، ماحولیاتی تحفظ اور دیگر امور پر مندوبین سے تبادلہ خیال کیا۔ دو روزہ بھارت سمٹ کے ذریعہ 100 ممالک کے مندوبین کو تلنگانہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا گیا اور مختلف ممالک کو تلنگانہ پراجکٹس میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی ممالک کے مندوبین نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں پیش رفت کا بھروسہ دلایا ۔ سمٹ کے پہلے دن راہول گاندھی شرکت کرنے والے تھے تاہم پہلگام واقعہ کے زخمیوں سے ملاقات کیلئے وہ سرینگر روانہ ہوگئے۔ انہوں نے دوسرے دن سمٹ سے خطاب کرکے دو روزہ ایونٹ کو کامیاب بنادیا۔ ریاستی وزراء اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی ۔ حکومت نے سمٹ میں شریک مختلف ممالک کے وزراء اور صنعت کاروں سے رابطہ رکھنے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی ہے۔ حکومت نے ریاست کے ترقیاتی پراجکٹس میں سرمایہ کاری کیلئے حال ہی میں جاپان کی مختلف کمپنیوں کو ترغیب دی تھی۔ تلنگانہ حکومت نے 16 ماہ میں مجموعی 244962 کروڑ کی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدات کئے ہیں جس کے نتیجہ میں 80 ہزار 500 روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ ورلڈ اِکنامک فورم اجلاس میں تلنگانہ کے ساتھ مختلف کمپنیوں نے 1.78 کروڑ سرمایہ کاری کے معاہدات کئے جس سے 50 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ چیف منسٹر نے دورہ سنگاپور کے موقع پر 14900 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات کئے جبکہ دورہ جاپان میں 12600 کروڑ کے معاہدات طئے پائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاپان کے اداروں کی سرمایہ کاری سے ریاست میں 30 ہزار سے زائد روزگار پیدا ہوں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھارت سمٹ کے کامیاب انعقاد میں اہم رول ادا کرنے والے وزراء، کانگریس قائدین اور اعلیٰ عہدیداروں کی خدمات کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔1