پٹنہ، 02 ستمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جذباتی لہجے میں کہا کہ جو لوگ بھارت ماتا کو گالی دینے سے باز نہیں آتے ہیں ، انہوں نے اگر میری ماں کو گالی دی تو ایسے لوگوں سے یہی توقع کی جا سکتی ہے ۔ جیویکا ندھی کریڈٹ کوآپریٹیو یونین لمیٹڈ کا افتتاح کرنے کے بعد خواتین سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ بہار میں یاترا کے دوران آر جے ڈی اور کانگریس کے لوگوں نے گالی دیکر نہ صرف میری ماں کی توہین کی بلکہ ان کروڑوں ماؤں کے دلوں کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے جو غربت میں اپنے بچوں کی پرورش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ نے بڑی مشکل سے مجھے پالا اور جب میں ان کی خدمت کے قابل ہوا تو انہوں نے مجھے ملک کی خدمت کرنے کی اجازت دے دی۔ اپنی ماں سے اجازت لے کر میں گھر سے نکلا اور ملک اور معاشرے کے ساتھ ساتھ کروڑوں ماؤں کی خدمت کرسکا۔ آج اپنی بات کہتے ہوئے یہاں بیٹھی ماؤں کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر بہت تکلیف ہو رہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑے خاندانوں میں پیدا ہونے والے شہزادے یا نامدار لوگ کبھی ایک غریب ماں کا درد نہیں سمجھ پائیںگے ۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ کا 100 سال مکمل ہونے کے بعد انتقال ہو گیا ہے اور ان کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، ایسے میں ان کا نام گھسیٹنا، انہیں گالی دینا آر جے ڈی اور کانگریس کی گھٹیا ذہنیت کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے مشہور لوگ بالکل بھی پسند نہیں کرتے کہ ایک پسماندہ، انتہائی پسماندہ یا غریب آدمی اعلیٰ عہدے پر پہنچے ۔