ممبئی 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو اور اداکار دپیکا پڈکون ’بھارت کی لکشمی‘ مہم کے لئے برینڈ ایمبیسڈر نامزد کی گئی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر کی خواتین کی طرف سے انجام دی گئی غیرمعمولی خدمات کو اُجاگر کرنے کیلئے دیوالی سے قبل یہ مہم شروع کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنی نئی مہم کے ضمن میں ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں خواتین کی بااختیاری کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’ہندوستانی ناری شکتی (عورت کی طاقت) محور و منبع اس کی صلاحیت، استقامت، عزم و عہد اور خلوص نیت کے ساتھ وقف ہوجانے میں مضمر ہے۔ ہمارے اُصول و اقدار نے ہمیشہ ہی اپنی خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کاوش و سعی کی ترغیب دی ہے۔ اس ویڈیو کے ذریعہ ’پی وی سندھو اور دپیکا پڈکون بہترین انداز میں ’بھارت کی لکشمی‘ کا پیغام پہونچارہی ہیں‘۔ دپیکا اور سندھو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر اس مہم کے لئے تائید درج کی ہے۔