نئی دہلی: آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے اتوارکو یہودی ملک کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہوئے تاکہ اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے دفاعی اورسیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔آرمی چیف کا یہ دورہ وزیر خارجہ ایس جے شنکراوردفاعی سکریٹری اجے کمارکے اسرائیل کے دورے کے چند ہفتوں بعدہواہے تاکہ اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینے کے طریقے تلاش کیے جاسکیں۔اگست میں اس وقت کے فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے بھی اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ایک ٹویٹ میں، فوج نے کہاہے کہ آرمی چیف جنرل ایم ایم ناروانے اسرائیل کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔حکام نے بتایاہے کہ جنرل ناراوانے دونوں ممالک کے درمیان مجموعی فوجی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اسرائیل کے اعلیٰ فوجی حکام کے ساتھ وسیع بات چیت کریں گے۔