بھارت گورو ٹورازم ٹرین 24 اگست سے چلائی جائے گی

   

سمستی پور : سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن لمیٹڈ (آئی آر سی ٹی سی) 24 اگست کو بہار میں مشرقی وسطی ریلوے کے سمستی پور ریلوے ڈویژن کے بیتیا اسٹیشن سے بھارت گورو ٹورازم ٹرین چلائے گی۔ آئی آر سی ٹی سی کے علاقائی جوائنٹ جنرل منیجر راجیش کمار نے منگل کو یہاں بتایا کہ ریلوے کی وزارت نے سبسڈی پیکیج پر عقیدت مندوں کو ملک کے مذہبی مقامات کے درشن کرانے کیلئے لے جانے کیلئے بیتیہ اسٹیشن سے شروع ہونے والی بھارت گورو خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ٹرین کے ذریعہ عقیدت مند دیگر بڑے مذہبی مقامات بشمول اومکاریشور جیوترلنگ اور اجین کے مہاکالیشور جیوترلنگ، سومناتھ کے شری سومناتھ جیوترلنگ، دوارکا کے دوارکادھیش مندر اور ناگیشور جیوترلنگ، شرڈی کے سائی بابا کے درشن اور ناسک کے مشہور شنی شیگنا پور سمیت دیگر مقامات پر جاسکتے ہیں۔ کمار نے کہا کہ یہ ٹرین 24 اگست کو سمستی پور ڈویژن کے بیتیا اسٹیشن سے چلے گی اور رکسول، سیتامڑھی، دربھنگہ، سمستی پور، مظفر پور، حاجی پور، پاٹلی پترا، آراہ، بکسر اور پنڈت دین دیال اپادھیائے سمیت دیگر اسٹیشنوں پر یاتریوں کیلئے رکے گی۔ یہ پورا سفر 10 رات اور 11 دن کا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ عقیدت مندوں کیلئے سلیپر کلاس میں فی کس 20 ہزار 899 روپے اور تھری اے سی میں 35 ہزار 795 روپے فی شخص کرایہ رکھا گیا ہے ۔ دلچسپی رکھنے والے سیاح آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ www.irctctourism.com یا موبائل نمبر 8595937731 اور 8595937732 پر ٹکٹ بک کرا سکتے ہیں۔
جوائنٹ جنرل منیجر نے کہا کہ ٹرین میں تیرتھ یاتریوں کے لیے مکمل عقیدت کا ماحول بنانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کے لیے ویجی ٹیبل کھانا، سیکورٹی اور طبی انتظامات، بس ٹور اور قیام کے لیے ہوٹل کے انتظامات سمیت دیگر سہولیات دستیاب کرائی جائیں گی۔