بھاری بارش سے موبائیل اور انٹرنیٹ خدمات بری طرح متاثر

   

40 فیصد ٹاورس برقی کی عدم سربراہی سے ناکارہ، حیدرآباد میں عوام کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بھاری بارش کے نتیجہ میں موبائیل فون اور انٹرنیٹ خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ بارش کے نتیجہ میں موبائیل فون ٹاورس کے پاور بیک اپ سسٹم پر اثر پڑا اور ایک چوتھائی سے زائد موبائیل ٹاورس سے خدمات متاثر ہوگئیں۔ جس کے نتیجہ میں موبائیل سرویس میں خلل پڑا ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ موبائیل اور انٹرنیٹ خدمات کے متاثر ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر ایسے خانگی ادارے جن کے ملازمین گھر سے خدمات انجام دے رہے ہیں ، وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے ۔ ٹرانسکو کے عہدیداروں نے برقی سربراہی پر مسلسل نظر رکھی ہے اور ایسے علاقوں میں جہاں بارش نے تباہی بچائی وہاں احتیاطی اقدامات کے طور پر برقی سربراہی بند کردی گئی ۔ شہر کے کئی علاقوں میں کل رات سے برقی سربراہی مسدود ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پانی کی نکاسی اور برقی پولس کے دوبارہ نصب کئے جانے کے بعد سربراہی بحال کی جاسکتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر میں تقریباً 40 فیصد موبائیل ٹاورس نے کام کرنا بند کردیا ہے ۔ برقی سربراہی میں خلل کے نتیجہ میں ٹاورس کا بیک اپ سسٹم ختم ہوگیا ۔ بعض بڑی موبائیل کمپنیوں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں موبائیل پاور جنریٹرس روانہ کئے گئے تاکہ ٹیلیفون خدمات کو بحال کیا جاسکے ۔