بھاری بارش کے باوجود شہر کے ذخائر آب کی سطح میں اضافہ نہیں

   

نئی دہلی ۔ یکم / اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) حیدرآباد اور اطراف و اکناف میں گذشتہ چند دنوں کے دوران شدید بارش کے باوجود شہر کو پانی سربراہ کرنے والے اہم ذخائر آب میں کوئی پانی نہیں آیا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں عہدیداروں کو فکر و تشویش لاحق ہوگئی ہے اور شبہ کیا جا رہا ہے کہ یہ ذخائر آب آندہ مہینے ہی خشک ہوجائیں گے جس کے نتیجہ میں شہر کو پانی کی سربراہی میں مشکل پیش آئے گی ۔ عثمان ساگر ‘ حمایت ساگر ‘ سنگور اور ماجیرا ذخائر آب سے جی ایچ ایم سی کے حدود اور اطراف کے دوسرے گاووں میں پینے کیلئے اور دیگر گھریلو ضروریات کیلئے پانی سربراہ کیا جاتا ہے ۔ حالانکہ شہر میں ماہ ستمبر میں ریکارڈ سطح تک بارش ہوئی ہے اور کئی رہائشی علاقے زیر آب آگئے تاہم ذخائر آب میں اب تک پانی نہیں آیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ان ذخائر آب کے آب گیر علاقوں میں ناجائز قبضہ جات کی وجہ سے ان میں پانی کا بہاو نہیں آ رہا ہے ۔

تلنگانہ و آندھرا میں
معمول سے زیادہ بارش
حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ماہ ستمبر میں 50 فیصد اضافی بارش کے نتیجہ میں تلنگانہ و آندھرا میں جاریہ مانسون سیزن میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ تلنگانہ میں معمول سے چھ فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے جبکہ آندھرا پردیش میں معمول سے 10 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے یہ بات بتائی ۔