بھاری رقومات کی وصولی ، 3 ہاسپٹلس کو نوٹس

   

ایک ہاسپٹل کا لائسنس منسوخ، محکمہ صحت کی کارروائیاں
حیدرآباد۔ حکومت نے شہر کے تین خانگی ہاسپٹلس کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے جن پر کورونا کے مریضوں کے علاج کے لئے بھاری رقومات وصول کرنے کا الزام ہے۔ سکندرآباد ، ناگول اور حیدرآباد میں واقع خانگی ہاسپٹل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی جبکہ مادھا پور میں واقع ایک ہاسپٹل کا لائسنس منسوخ کردیا گیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ خانگی دواخانوں کی جانب سے بھاری رقومات وصول کئے جانے کی روزانہ کئی شکایت موصول ہورہی ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے شکایتوں کیلئے فون نمبر مختص کیا گیا ہے جس پر عوام واٹس ایپ کے ذریعہ زائد بل وصول کرنے کا ثبوت پیش کرسکتے ہیں۔ اسی دوران ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ زائد چارجس وصول کرنے والے دواخانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق خانگی ہاسپٹلس پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔