بھاری صنعتوں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر کی ہدایت

   

مختلف محکمہ جات کی مشترکہ ٹیموں کی تشکیل، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔12 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے بڑی صنعتوں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور آتش فرو آلات نصب کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں ایک واضح مینول تیار کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے آج سکریٹریٹ میں عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں سنگا ریڈی کی سگاچی انڈسٹریز میں آتشزدگی کے واقعہ کے پس منظر میں احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ سگاچی انڈسٹریز کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے ورکرس کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا کی ادائیگی، عدالت میں زیر دوران مقدمہ کی پیشرفت اور تحقیقات کے بارے میں دریافت کیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ ریاست کی تمام بڑی اور اوسط صنعتوں کا ریاستی اور ضلع کی سطح پر مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو بہتر تال میل کے ذریعہ مشترکہ معائنہ کرنا چاہئے تاکہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے اختیار کی گئی احتیاطی تدابیر کا جائزہ لیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو وقتاً فوقتاً صنعتی اداروں کے علاوہ ہمہ منزلہ عمارتوں اور کامپلکسوں کا معائنہ کرنا چاہئے ۔ ضلع کی سطح پر ریونیو ، پولیس ، انڈسٹریز ، لیبر ، ہیلت ، فائر سرویسز اور پولیوشن کنٹرول بورڈ کے عہدیداروں کی جانب سے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً جانچ کے نتیجہ میں آتشزدگی کے واقعات کو روکا جاسکتا ہے۔ معائنہ کی تفصیلات حکومت کے آن لائین ڈیاش بورڈ پر جاری کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اور تجارتی اداروں میں ملازمین اور ورکرس کے تحفظ کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے ۔ چیف سکریٹری نے سگاچی انڈسٹریز اور حالیہ عرصہ میں پیش آئے دیگر واقعات کا حوالہ دیگر دیتے ہوئے کہا کہ عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانا چاہئے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹریز اروند کمار ، سنجے کمار ، دانا کشور ، ڈائرکٹر فائر سرویسز وکرم سنگھ مان ، سنگا ریڈی کلکٹر پراوین ، فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کمشنر شیشانگ ، پولیوشن کنٹرول بورڈ کے ممبر سکریٹری روی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1