بھاری مقدار میں سونا ضبط ، چار افراد گرفتار

   

شمس آباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد ایرپورٹ پر کسٹمس عہدیداروں نے دو علحدہ مقدمات میں چار افراد کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں سونا ضبط کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب ریاض سے شمس آباد ایرپورٹ آنے والی فلائیٹ نمبر XY-325 کے تین مسافروں کی تلاشی لینے پر اس کے جوتوں میں سے سونے کا پیسٹ برآمد ہوا ۔ جس کا وزن 1818.98 گرام جس کی مالیت ایک کروڑ 13 لاکھ 13 ہزار 558 روپئے بتائی گئی ۔ ایک اور کیس میں دبئی سے آنے والی فلائیٹ نمبر EK524 کے ایک مسافر کے لگیج کی تلاشی لینے پر ایمرجنسی لائیٹ کی بیاٹری کے اندر سے 2915 گرام سونا جس کی مالیت ایک کروڑ 18 لاکھ 60 ہزار 450 روپئے بتائی گئی ۔ کسٹمس عہدیداروں نے دو علحدہ مقدمات میں چاروں مسافروں کے خلاف کسٹمس ایکٹ 1962 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ سونے کی اسمگلنگ کرنے والوں کے منصوبوں کو تقریبا روزانہ کسٹمس عہدیدار ناکام بنا رہے ہیں ۔ اس کے باوجود اسمگلرس اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔۔