کھمم جامع مسجد کے امام وخطیب جاں بحق، 3 افراد شدیدزخمی
حیدرآباد13اکتوبر( سیاست نیوز)حیدرآباد میں بھانجی کے ولیمہ کی تقریب میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران تلنگانہ کے ضلع کھمم میں پیش آئے سڑک حادثہ میں مسجد کے خطیب وامام جاں بحق اور دیگر تین افراد شدیدزخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع کے جیلاتالاب قومی شاہراہ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب سویفت ڈیزائرکار کا ڈرائیور حالت نیند میں اس کا توازن کھودیاجس کے نتیجہ میں یہ تیزرفتار کارالٹ گئی۔حادثہ کے ساتھ ہی اس میں سوار افراد بُری طرح پھنس گئے جن کو کافی جدوجہد کے بعد مقامی افرادنے نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ کھمم شہر کی جامع مسجد کے امام و خطیب مولوی سید معین الدین علی عرف عزیز صاحب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔کارڈرائیور کے علاوہ دیگر دو افراد اس حادثہ میں شدیدزخمی ہوگئے جن کو علاج کیلئے کھمم کے گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کردیاگیا۔ مولوی سید معین الدین علی اورزخمیوں کا تعلق کھمم شہرکی عزیزگلی سے ہے ۔نماز جنازہ بعد عشاء ادا کی گئی اور مسجد سے متصل قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔مقامی افرادنے راحت کاموںمیں تعاون کی۔حادثہ میں کارکو بھی نقصان پہنچا۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی اور ضابطہ کی کارروائی کی گئی۔