نئی دہلی: بھاوینا پٹیل نے ٹوکیو پیرالمپکس کے ٹیبل ٹینس میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔ بھاوینا کو اس تاریخی جیت پر ملک بھر سے مبارکبادی موصول ہو رہی ہیں۔بھاوینا اس تاریخی فتح سے کافی خوش ہیں لیکن سونے کا تمغہ نہ جیتنے کا ملال بھی ہے۔ بھاوینا نے کہا ہے کہ ‘میں اپنی سو فیصد کارکردگی نہیں دے سکی جس کی وجہ سے اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، کچھ دکھ بھی ہے لیکن میں اس دکھ کو اگلے ٹورنامینٹ میں پر کرنے کی کوشش کروں گی۔بھاوینا پٹیل کے ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں خواتین ٹیبل ٹینس میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد بالی ووڈ ستاروں سمیت متعدد بڑے سیاسی رہنماؤں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ مبارک بادی پیش کرتے ہوئے کہا بھاوینا نے ملک کا نام فخر سے بلند کردیا ہے۔بھارتی ٹیبل ٹینس کھلاڑی بھاوینا پٹیل کو ٹوکیو پیرالمپکس میں ہوئے خواتین سنگلز کے فائنل میں دنیا کی نمبر ایک چین کی پیڈلر ینگ ژاؤ سے ہارنے کے بعد چاندی کے تمغے پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں یہ بھارت کا پہلا تمغہ ہے۔اس کے ساتھ ہی بھاوینا پیرالمپکس میں تمغہ جیتنے والی پہلی بھارتی ٹیبل ٹینس کھلاڑی بھی بن گئیں۔ وہ دیپا ملک (2016 میں) کے بعد پیرالمپکس میں تمغہ جیتنے والی دوسری ہندوستانی خاتون ہیں