حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) عادل آباد ضلع کے چنور علاقہ میں آج اس وقت بس اسٹینڈ پر ہلچل پیدا ہوگئی جب بس کنڈکٹر کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو نکلا۔ ریاست میں کورونا کیسس میں اضافہ کے پیش نظر عوام میں خوف کا ماحول ہے۔ چنور بس اسٹینڈ میں مسافرین کیلئے کورونا ٹسٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہنمکنڈہ سے چنور آنے والی بس کی خاتون کنڈکٹر اور ڈرائیور نے بس اسٹینڈ میں چائے نوشی کی۔ قریب میں واقع کورونا ٹسٹنگ مرکز پر مسافرین کے ٹسٹ جاری تھے۔ اسی دوران خاتون کنڈکٹر نے وہاں موجود ہیلت آفیسر سے خواہش کی کہ اس کا کورونا ٹسٹ کیا جائے۔ خاتون کنڈکٹر کا ٹسٹ کیا گیا اور فوری طور پر اس کا نتیجہ پازیٹیو رہا۔ نتیجہ کے آتے ہی بس اسٹینڈ میں بھگدڑ مچ گئی اور بس میں سوار مسافرین اُتر کر اپنی راہ اختیار کرنے لگے۔ ہر کسی کی زبان پر تھا ’ یہاں سے بھاگو، بس کنڈکٹر کورونا پازیٹیو ہے ‘ ۔ کچھ دیر بعد صورتحال معمول پر آئی اور دوسرے کنڈکٹر کا انتظام کرتے ہوئے بس کو روانہ کیا گیا۔ر