ممبئی ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : این سی پی کے صدر شردپوار نے اپنے بھتیجہ اجیت پوار کے گذشتہ روز مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی کی رکنیت سے استعفے کے بعد خاندانی اختلافات سے متعلق پیدا شدہ افواہوں کو مسترد کردیا ۔ اجیت پوار جو جمعہ کو مستعفی ہونے کے بعد اپنے رابطے منقطع کیے ہوئے تھے ، ممبئی میں آج اپنے چچا سے ان کے گھر پہونچکر ملاقات کی جس کے بعد شرد پوار نے کہا کہ ’ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے ۔ وہ (اجیت ) خود ہی میڈیا کو مزید تفصیلات بتائیں گے ‘ ۔ شردپوار کی دختر سپریہ سولے نے جنہیں ڈینگو بخار میں مبتلا ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا تھا ، چچا بھتیجہ کی بات چیت میں شریک تھیں ۔ اس ملاقات کے دوران صرف پوار قبیلہ کے ارکان ہی موجود تھے ۔ اجیت نے جو سابق ڈپٹی چیف منسٹر ہیں اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کی وجہ نہیں بتائی ۔ اطلاعات کے مطابق شردپوار کے بھتیجہ اجیت پوار محض اس بات پر ناخوش ہیں کہ اب ان کے ایک بھتیجہ روہت پوار بھی ریاستی سیاسی منظر پر نمودار ہونا چاہتے ہیں ۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انھیں اس پر کیا تحفظات ہیں۔