جے پور: راجستھان میں بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری اور سانگانیر سے ایم ایل اے بھجن لال شرما نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے ۔ اسمبلی انتخابات کے بعد 115 سیٹوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کرنے والی بی جے پی نے منگل کو قانون ساز پارٹی کی میٹنگ منعقد کی جس میں شرما کو متفقہ طور پر قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا جبکہ ایم ایل اے دیا کماری اور پریم چند بیروا نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے ۔اجلاس کے بعد اس کا اعلان کرتے ہوئے مبصر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ میٹنگ میں سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کے لیے شرما کا نام تجویز کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اسی طرح ایم ایل اے دیا کماری اور پریم چند بیروا دو نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے جبکہ سابق وزیر اور ایم ایل اے واسودیو دیونانی اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شرما کو راجستھان بی جے پی قانون ساز پارٹی کا متفقہ لیڈر منتخب کیا گیا ہے اور ریاست ان کی قیادت میں آگے بڑھے گی۔ شرما پارٹی میں ریاستی جنرل سکریٹری کا کردار ادا کر رہے تھے اور حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات میں انہیں جے پور کے سانگانیر اسمبلی حلقہ سے پارٹی کا امیدوار بنایا گیا اور وہ پہلی بار ایم ایل اے بنے ۔ وہ کانگریس امیدوار پشپندر بھاردواج کو 48 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دے کر ایم ایل اے منتخب ہوئے ۔دیا کماری ودھادھر نگر سے ایم ایل اے منتخب ہوئی تھیں اور وہ دوسری بار ایم ایل اے بنی ہیں۔ اس سے پہلے وہ سوائی مادھوپور سے اسمبلی الیکشن لڑ کر پہلی بار ایم ایل اے منتخب ہوئی تھیں۔ ودیادھر نگر سے ایم ایل اے منتخب ہونے سے پہلے وہ راجسمند سے ایم پی تھیں اور ایم ایل اے بننے کے بعد پارلیمنٹ کی رکنیت سے مستعفی ہوگئیں۔ بیروا دوسری بار دودو اسمبلی سے ایم ایل اے منتخب ہوئے ہیں۔ بیروا کانگریس امیدوار کو 35 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دے کر ایم ایل اے منتخب ہوئے ۔