بھجن لال شرما نے چیف منسٹر راجستھان کا حلف لیا

   

جے پور: راجستھان میں جے پور کے سنگانیر اسمبلی حلقہ سے پہلی بار ایم ایل اے بننے والے بھجن لال شرما نے جمعہ کے روز یہاں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔راجدھانی جے پور کے رام نیواس باغ میں واقع تاریخی البرٹ ہال کے سامنے منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں گورنر کلراج مشرا نے بھجن لال شرما کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ انہوں نے ہندی زبان میں حلف لیا۔ آج شرما کی سالگرہ بھی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ نامزد نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری اور پریم چند بروا نے بھی نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے صدر جگت پرساد نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، جل شکتی کے وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت، سڑک اور ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اور بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے متعدد وزرائے اعلیٰ موجود تھے ۔اسی طرح ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، بی جے پی کے ریاستی صدر سی پی جوشی، سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے ، سینئر بی جے پی لیڈر راجندر سنگھ راٹھور، ڈاکٹر ستیش پونیا اور پارٹی کے کئی رہنما اور منتخب ایم ایل اے نے تقریب میں شرکت کی۔