حیدرآباد30ستمبر(یواین آئی) تلنگانہ کے بھدراچلم میں دریائے گوداوری کی سطح میں اضافہ درج کیاگیا۔کلکٹر جیتیس وی پٹیل نے بتایا کہ پانی کی سطح 48 فٹ سے تجاوز کر گئی اور صبح 8 بجے دریا 48.80 فٹ سطح دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں میں شدید بارش کے باعث پانی کی سطح مزید بڑھنے کی توقع ہے ، اس لئے امکانی سیلاب سے متاثرہ ہونے والے مواضعات کے لوگ محتاط رہیں۔ حکام نے پہلے ہی ریلیف اقدامات کر لیے ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید مراکز قائم کرنے کیلئے تیار ہے ۔
متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریلیف مراکز میں پینے کے پانی، خوراک، طبی سہولیات اور بجلی کی فراہمی جیسی تمام بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔ ریونیو، پولیس، میڈیکل، پنچایت راج، میونسپل، بجلی اور دیگر محکموں کے عہدیدارسیلاب متاثرہ علاقوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پٹیل نے عوام سے کہا کہ کسی بھی حالت میں گوداوری میں نہانے کیلئے نہ جائیں۔