حیدرآباد ۔28 اکٹوبر ( سیاست نیوز) پولیس بھدراچلم نے بڑی تعداد میں ناجائز طور پر منتقل کئے جانے والے گانجہ اور ایک انووا گاڑی کو ضبط کیا ۔ ضبط شدہ گانجہ کی مالیت زائد از 43لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ پولیس نے گاڑیوں کی تنقیح کے دوران ایک تیز رفتار انووا کار کو روکنے کی کوشش کی لیکن ڈرائیور نے اپنی تیز رفتاری کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کی پرواہ کئے بغیر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس تیز رفتار کار کا تعاقب کیا جس پر کار ڈرائیور نے بالآخر اپنی کار کو شہر کے مضافاتی علاقہ میں چھوڑ کر راہ فرار اختیار کرلیا ۔ پولیس نے جب دستیاب انووا کار کا معائنہ کیا تو تب اس کار میں ممنوعہ گانجہ کے پیاکٹس پائے جانے کا پتہ چلا ۔ سرکل انسپکٹر پولیس بھدرا چلم ٹاؤن مسٹر ونود ریڈی کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ضبط شدہ کار کا مکمل پنچنامہ کر کے اس کی مالیت کا پتہ چلانے پر زائد از 43 لاکھ روپئے مالیت بتائی گئی اور بتایا گیا کہ ضبط شدہ گانجہ کی مقدار زائد از 280 کلوگرام ہے ۔ بعد پنچنامہ دستیاب شدہ انووا کار کو پولیس نے پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور کیس درج رجسٹر کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کیا ۔ اس بھاری مقدار میں گانجہ کو ضبط کرنے پر متعلقہ پولیس ملازمین کی اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے ستائش کی ۔