بھدرا چلم میں گانجہ کی اسمگلنگ کرنے والی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد۔/13 نومبر، ( سیاست نیوز) پولیس بھدرا چلم نے گانجہ کی غیر مجاز اسمگلنگ کرنے والی ٹولی کو گرفتار کیا۔ اور اس ٹولی کے قبضہ سے زائد از 15 لاکھ روپئے مالیتی ایک کنٹل گانجہ کو ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ بھدرا چلم ٹاون میں پولیس پٹرولنگ کے دوران گاڑیوں کی تنقیح کی جارہی تھی۔ اس تنقیح کے موقع پر دو گاڑیوں ، فارچونر اور ویرنا جو کہ تیز رفتاری کے ساتھ گزرنے کی کوشش کررہے تھے۔ شک کی بنیاد پر ان گاڑیوں کو روک لیا گیا اور دونوں گاڑیوں کی مکمل چیکنگ ( تنقیح ) کرنے پر ان گاڑیوں میں غیر مجاز طور پر اسمگلنگ کئے جانے والے گانجہ کی موجودگی کا پتہ چلا جس پر پولیس نے گاڑیوں کی مکمل تلاشی لیتے ہوئے زائد از ایک کنٹل گانجہ کو ضبط کرلیا جس کی مالیت زائد از 15 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ سرکل انسپکٹر پولیس بھدرا چلم مسٹر ونود کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ دو گاڑیاں راجمندری سے براہ بھدرا چلم حیدرآباد روانہ ہورہی تھیں اور ان دو گاڑیوں میں موجود پانچ افراد جادھو سرینواس ( ظہیرآباد ) محسن (حیدرآباد ) عمر ( حیدرآباد ) مجیب (ظہیرآباد ) فیروز ( حیدرآباد ) کو گرفتار کرلیا گیا اور دونوں گاڑیوں کو ضبط کرکے کیس درج رجسٹر کیا گیا اور گرفتار شدہ افراد کے خلاف کارروائی کرکے انہیں عدالتی تحویل میں دیا گیا۔ اس موقع پر ٹاؤن سب انسپکٹر بھدراچلم مسٹر رام بابو اور دیگر اسٹاف ارکان موجود تھے۔