سارقین کا اتر پردیش کے بریلی سے تعلق، پولیس کمشنر کا انکشاف
نظام آباد:22؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)پولیس کمشنر مسٹر ناگاراجو نے آج بالکنڈہ پولیس اسٹیشن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں مینڈورہ پولیس اسٹیشن کے بھسا پور میں واقع گرامینا بینک میں سارقو ںنے بینک کی قفل شکنی کرتے ہوئے لاکر کو کٹر کے ذریعہ 116 تولہ سونے کا سرقہ کیا تھا پولیس نے اس واقعہ کے بعد جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کا پتہ چلایا کہ اس واقعہ میں ملوث سارقین کو اتر پردیش کے بریلی کے ضلع بہودہ موضع کاکرال سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ قبل از ٹاملناڈو ، کرناٹک کے بینکوں میں سرقہ کرنے کے علاوہ کھمم ضلع کے دموگوڑم ، کریم نگر ضلع کے منتا ، کمرم بھیم ، آصف آباد، جگتیال کے کوڈمیالا ، سدی پیٹ کوکونور پلی ، کرناٹک کے گلبرگہ ، ٹاملناڈو کے کرشنا گیری میں بینکوں میں سرقہ کرتے ہوئے کئی کلو سونا اور روپیوں کا سرقہ کیا ۔پولیس کمشنر ناگاراجو نے تفصیلی طور پر پریس کانفرنس کو واقف کراتے ہوئے بتایا کہ یہ سرقہ کی ہوئی رقم سے ایک لاری ،10لاکھ روپئے میں اینو ا کار خریدی تھی۔ بھسا پور میں سرقہ کرنے سے قبل سدی پیٹ کے کوکونور پیٹ میں بینک میں سرقہ کیا اور یہ اہم لاکر کو کٹ کرنے میں ناکام ہوئے ۔ کیونکہ یہاں وقت ناکافی ہونے کی وجہ سے چھوٹے لاکر سے 75 ہزار روپئے لیکر فرار ہوگئے تھے اور بھسا پور میں گرامینا بینک سے 116 تولہ سونا کے زیورات کا سرقہ کرتے ہوئے اپنے مقام پہنچ کر ساتھیوں میں تقسیم کرلئے۔ پولیس کمشنر ناگاراجو نے بتایا کہ پولیس نے ایک ماہ تک اتر پردیش میں قیام کرتے ہوئے انہیں پکڑنے کی کوشش کی ۔ ایک شخص کو مہاراشٹرا کے ناگپور کے واڈی جانسن ٹرانسپورٹ کے پاس تحویل میں لیکر پوچھ تاچھ کرنے پر لاری کلینرسلیم کی حیثیت سے شناخت کی گئی ۔ پولیس اسے گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر دے دیا ہے ۔ اس کے قبضہ سے ساڑھے 11تولہ سونا بھی برآمد کیا گا ہے ۔ کمشنر پولیس ناگاراجو نے کہا کہ پولیس مسلسل ایک ماہ تک اتر پردیش میں رہتے ہوئے ان کے بارے میں تحقیق کرتے ہوئے مقامی پولیس سے ربط پیدا کیا لیکن مقامی پولیس کا کوئی تعاون نہیں رہا ۔ اس کیس میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اے سی پی آرمور پربھاکر رائو ، انسپکٹر آرمور رورل گوردھن ریڈی کے علاوہ سی سی ایس کے انسپکٹر راج شیکھر ، پرتاب ، روی کمار ، سریدھر ، ٹاسک فورس سی آئی اور دیگر ملازمین کی ستائش کی ۔