بھلائی کے عملی مظاہرہ پرہی دنیا وآخرت میںکامیابی ممکن

   

علامہ اقبال لائبریری قلعہ نظام آبادمیں’’ اخوت باکس ‘‘ کا افتتاح ‘ مقررین کا خطاب
نظام آباد :2 ؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) )نیکی اور بھلائی کا عملی مظاہرہ کرکے ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ نئی نسل کو وقت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا چا ہئے۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر ظفر یحییٰ صدر بیت المال نظام آباد نے علامہ اقبال لائبریری قلعہ میں 28؍ فروری کو”اخوت باکس” کا افتتاح انجام دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نئی نسل کی بے راہ روی پر تشویش کا اظہار کیا اور فلاحی ادارے بیت المال کی جانب سے چلائی جارہی مختلف اسکیموں کا تعارف کرواتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ وہ بیت المال کی جانب سے علامہ اقبال لائبریری میں ایک کمپیوٹر سنٹر قائم کریں گے۔جہاں طلباء و نوجوانوں کو مفت تربیت دی جائے گی۔مسٹر مجید عارف، ایڈیٹر و سی ای او ویب سائٹ مائی نظام آبا۔کامwww.mynizamabad.comنے”اخوت باکس ” کے اختراع کی وضاحت کی۔جہاں پر کپڑے اور کتابیں اخوت باکس کو عطیہ کرسکتے ہیں۔مستحق طلباء کو درسی کتابیں جلد سازی کے بعد فری تقسیم کی جائیں گی اور کپڑوں کی آمدنی سے دیگر فلاحی خدمات انجام دیئے جائیں گے۔ مفتی محمود قاسمی خطیب و امام مسجد قلعہ نے لائبریری کی خوبصورت عمارت کو مختلف فلاحی خدمات کے لئے استعمال کرنے پرزور دیا تاکہ ملت میں ایک مثبت تبدیلی لائی جاسکے۔مسٹر محمد نعیم قمر ایڈیٹر ”عوام نیوز چینل ”نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے کی تعمیر میں تعلیم ہی موثر رول ادا کرسکتی ہے۔ مسٹر ایم اے مقیت سابق کارپوریٹر نے علامہ اقبال ویلفیئر سوسائٹی کے فلاحی خدمات کی ستائش کی۔مسٹر شرجیل پرویز سکریٹری فروبلس ماڈل اسکول نے نوجوانوں کو مادری زبان کی ترقی و ترویج کیلئے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔مسٹر محمد انور خان، ایڈیٹر روزنامہ ”ہلچل تلنگانہ ”نے علامہ اقبال کے آفاقی پیغام کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نئی نسل کو شاہین صفت بننے کا مشورہ دیا۔مسٹر عثمان علی شوکت ایڈیٹر روزنامہ ”فکرجمہور ” نے کہا کہ نیکی کے جذبے کے تحت ہی معاشرے کی اصلاح ممکن ہے۔اس اجلاس کوسید یاسین علی ایڈیٹر روزنامہ ”انواردکن ” کے علاوہ محمد جیلانی صدر انتظامی کمیٹی مسجد قلعہ نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر مسٹرسید یوسف ایڈوکیٹ ہائی کورٹ کے علاوہ طلباء و نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مہمانان خصوصی کے ہاتھوں شائن اسٹار ہائی اسکول اور گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ کے طلباء و طالبات میں میٹرک کے ماڈل پیپرز کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ مفتی محمد قاسمی کے تلاوت کلام پاک سے اجلاس کاآغاز ہوا۔محمد عمر ببلو صدر کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔قبل ازیں علامہ اقباؔل ویلفیئر سوسائٹی کے عہدیداروں سید نواز، محمد فیروز’محمد انور،شیخ محمود، محمد قمر،محمد عزیرخان، محمد عبدالرحمن، محمد فیروز علی، سلیم علی پولیس ڈپارٹمنٹ، شیخ عمران، شیخ عدنان، سمیع،شیخ علی،شیخ حاجی’محمد ریاض، محمد سلام نے مہمانوں کا استقبال کیا۔