چاقو کی نوک پر 40 لاکھ روپیوں کا سرقہ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد : /30 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ بھوانی نگر میں اتوار کو سنسنی خیز رہزنی کی واردات پیش آئی جس میں بہار سے تعلق رکھنے والے شخص چوڑیاں کے تاجر کے مکان سے 40 لاکھ روپئے نقد رقم کی رہزنی کرلی گئی ہے ۔ یہ واقعہ آج صبح 5.30 بجے امان نگر بی تالاب کٹہ میں پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق 33 سالہ محمد سلطان ساکن امان نگر بی جس کا تعلق بہار کے ضلع گیا سے ہے وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ یہاں مقیم تھا جبکہ اس کی حاملہ بیوی ترنم پروین جس کا تعلق کولکتہ سے ہے اپنے بھائی کے مکان گئی ہوئی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو صبح 5.30 بجے دو نامعلوم افراد محمد سلطان کے مکان پہنچ کر دروازہ کھٹکھٹیا اور دروازہ کھولنے پر رہزنوں نے اس پر اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں اس کے سر پر گہرا زخم آیا ۔ نیچے گرنے کے بعد ایک رہزن نے اس کے گلے پر خنجر رکھ دیا اور چیخ و پکار کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک رہزن نے اس کے گلے پر خنجر رکھ کر اس پر قابو پائے رکھا جبکہ دوسرے رہزن نے اس کے مکان کی تلاشی لی اور اس دوران ڈرم میں محفوظ رکھے ہوئے 40 لاکھ روپئے حاصل کرلیا اور بعد ازاں اس کے ہاتھ باندھ دیئے اور رقم لیکر وہاں سے فرار ہوگئے ۔ مقام واردات سے فرار ہونے کے دوران نامعلوم نقاب پوش رہزن جو اردو میں بات کررہے تھے نے محمد سلطان کی موٹر سیکل اور اس کا اسمارٹ فون لیکر فرار ہوگئے ۔ متاثرہ شخص نے بڑی مشکل سے اپنے پڑوسیوں کے مکان رینگتا ہوا پہنچا اور مدد کیلئے آواز دی ۔ پڑوسیوں نے محمد سلطان کے ہاتھ کھولنے کے بعد اسے پولیس کو طلب کرنے میں مدد کی ۔ اس سنسنی خیز واردات کی اطلاع ملنے پر بھوانی نگر پولیس کی ایک ٹیم بشمول ڈیٹکٹیو انسپکٹر ای نرسمہا نائک مقام واردات پر پہنچ گئے اور محمد سلطان کا بیان قلمبند کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی ۔ تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ سلطان نے اراضی فروخت کی تھی اور اس کی حاصل کردہ رقم کو اپنے مکان میں محفوظ رکھا تھا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مکان میں رقم کی موجودگی کی جانکاری رکھنے والے افراد نے ہی یہ کارستانی انجام دی ہے ۔ بھوانی نگر پولیس نے اس سلسلہ میں رہزنی کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے خاطیوں کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ ب