بھوبھارتی درخواستوںکی دیانتداری کے ساتھ تنقیح کریں

   

Ferty9 Clinic

ریوینو عہدیداروںکو ضلع کلکٹرکی ہدایت‘نظام آبادمیں جائزہ اجلاس سے خطاب
نظام آباد، 9 مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حکومت کی جانب سے باوقار طور پر شروع کردہ ’بھوبھارتی‘ قانون کے تحت کسانوں اور عوام کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کا باریکی سے جائزہ لینے کے بعد فیلڈ سطح پر مکمل تحقیقات کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے ریونیو عہدیداروں کے اجلاس میں کیا ۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے کہا کہ بھوبھارتی قانون کے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت نظام آباد ضلع کے مینڈورا منڈل کے آٹھ دیہاتوں میں منعقدہ کسان اجلاسوں میں موصولہ درخواستوں کو حکومت کی ہدایات کے مطابق اور نئے ROR قانون کی دفعات کے تحت حل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔انہوں نے آرمور ریونیو ڈیویژنل آفیسر کے دفتر میں ریونیو افسران اور عملے کے ساتھ کلکٹر نے بھوبھارتی درخواستوں کے معائنہ اور تحقیقاتی امور پر رہنمائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ 5؍ مئی سے 8؍ مئی کے درمیان مینڈورا منڈل کے 8 ریونیو دیہاتوں میں منعقدہ اجلاسوں کے دوران 706 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔لہذا ان تمام درخواستوں کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے تحقیقاتی عمل کو دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیا جائے تاکہ کسی قسم کے الزامات یا تنقید کی گنجائش نہ رہے۔چونکہ یہ اجلاس پائلٹ بنیادوں پر منعقد کیے گئے تھے، اس لیے سب کی توجہ مرکوز ہے اور اگر کوئی بے قاعدگی ہو تو اس سے حکومت اور ریونیو نظام کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے تاکید کی کہ کسی بھی دباؤ یا لالچ میں آئے بغیر، مکمل شفافیت کے ساتھ درخواستوں کی تحقیقات کریں تاکہ حکومت کا عزم — زمین کے مسائل کا مستقل حل پورا ہو سکے۔کلکٹر نے ہدایت دی کہ 12 ؍مئی سے درخواستوں کی جانچ اور فیلڈ سطح پر تحقیقات کا عمل شروع کر کے ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے، اور ہر حال میں 20؍ مئی تک تمام درخواستوں کی تحقیقات مکمل ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ تحقیقات میں تاخیر نہ ہو، اس کے لیے دوسرے منڈلوں کے سرویئروں کو بھی پائلٹ منڈل میں تعینات کیا جائے گا اور ریونیو ٹیمیں ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتے ہوئے مقررہ مدت میں تمام تحقیقات مکمل کریں۔اس اجلاس میں آرمور RDO راجا گوڑ، آرمور ریونیو ڈیویژن کے مختلف منڈلوں کے تحصیلدار، ریونیو انسپکٹرز، سرویئرز اور دیگر عہدے دار نے بھی شرکت کی۔