بھوبھارتی قانون پر 14 اپریل سے عمل : سرینواس ریڈی

   

شلپارامم میں چیف منسٹر افتتاح کریں گے، نیا قانون ریاست کی تاریخ میں سنگ میل ہوگا
حیدرآباد ۔ 12 اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیرمال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی یوم پیدائش کے موقع پر 14 اپریل سے نیا تیار کردہ بھوبھارتی قانون پر عمل آوری ہوگی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ 14 اپریل کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک بھوبھارتی کا افتتاح کریں گے۔ یہ قانون ریاست کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا سابق بی آر ایس حکومت نے دھرانی پورٹل کو متعارف کرواتے ہوئے عوام اور کسانوں کو پریشان کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے انتخابی مہم کے دوران دھرانی پورٹل کو خلیجی بنگال پھینک دینے کا وعدہ کیا تھا جس پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی دھرانی پورٹل کی جگہ بھوبھارتی قانون متعارف کرانے کی تیاریوں کا آغاز کیا گیا۔ کئی اجلاس منعقد کرتے ہوئے دھرانی کے نقائص، خامیوں اور نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے غلطیوں سے پاک بھوبھارتی قانون تیار کیا گیا ہے۔ جن کسانوں اور عوام سے ناانصافیاں ہوئی ہیں ان ناانصافیوں کو دور کرنے کے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ عوام دوست نظام تیار کیا گیا ہے جو سب کیلئے قابل قبول ہوگا۔ محکمہ مال کی جانب سے اس قانون کی تیاری میں اہم رول ادا کیا گیا ہے۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ 14 اپریل کو حیدرآباد کے شلپارامم میں اس کا افتتاح کیا جائے گا۔ محکمہ مال کی جانب سے بڑے پیمانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔2