سدی پیٹ میں بیداری پروگرام سے ایڈیشنل کلکٹر عبدالحمید و دیگر کا خطاب
سدی پیٹ، 30 اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج سیدی پیٹ کے دولت آباد منڈل مرکز میں منعقدہ رایتوو ویدیکا میں “بھوبھارتی قانون” سے متعلق بیداری پروگرام میں ریاستی ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے چیئرمین بکی وینکٹیا اور ضلع کلکٹر ایم. منو چودھری نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ سب سے پہلے ضلع کے ایڈیشنل کلکٹر عبد الحمید نے “بھوبھارتی قانون” کے مختلف پہلوؤں کو کسانوں اور عوام کے سامنے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ پیش کیا۔ چیئرمین بکی وینکٹیا نے خطاب کرتے ہوئے کہا: یہ قانون کسانوں کے لیے ایک بہترین حل فراہم کرتا ہے۔ اس قانون کے متعلق گاؤں کی سطح پر کسانوں کو مکمل آگاہی دینی چاہیے۔ ایسے کسان جنہوں نے زمین خریدی ہے لیکن اب بھی ان پر قبضے کے مسائل ہیں، اس قانون کے تحت ان زمینوں کو ان کے نام پر رجسٹر کروانے کی سہولت موجود ہے۔ ریونیو نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت 10,000 گرام پنچایت سطح کی نوکریاں فراہم کرے گی۔ افسران کو چاہیے کہ جو بھی کسان دفتر آئے، اس کی بات صبر سے سنیں اور مناسب جواب دیں۔ تمام افسران عوام کی رسائی میں رہیں اور نیک نیتی سے کام کریں۔ ایسے ایس سی، ایس ٹی افراد جن کے نام پر Assigned زمینیں تھیں لیکن کسی وجہ سے وہ بیچ دی گئیں، 1977 کے قانون کے مطابق ان زمینوں کی ریگولرائزیشن کا آپشن موجود ہے۔ اگر زمین کسی نااہل شخص کے پاس چلی گئی ہو تو حکومت وہ واپس لے کر مستحق افراد کو دے گی۔ اگر کوئی سرکاری، وقف یا دیگر زمین پر ناجائز قبضہ کرے تو انہیں نوٹس دے کر فیلڈ ویری فیکیشن کے ذریعہ حقائق کی جانچ کر کے حکومت وقت مقررہ میں کارروائی کرے گی۔ وراثتی زمینوں کے تنازعات کے حل کے لیے تمام وارثین کو نوٹس دے کر بلایا جائے گا اور میوٹیشن طریقہ کار سے ایک ماہ میں معاملہ حل کیا جائے گا۔ ری سروے کے لیے زمین مالکان کی رضامندی سے نیا سروے نمبر دیا جائے گا۔ 8 ہزار سروے اور 10 ہزار گرام سطح کی آسامیاں پْر کر کے ریونیو نظام کو مضبوط بنا کر ضلعی سطح پر شفاف طریقہ سے تمام مسائل کا حل کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں آر ڈی او سدانندم، پی اے سی ایس چیئرمین وینکٹ ریڈی، منڈل اسپیشل آفیسر لنگا مورتی، تحصیلدار، ایم پی ڈی او اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔