نظام آباد: 22؍ ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قانون ساز کونسل میں بی آرایس رکن کے کویتا نے کانگریس حکومت کے بھوبھارتی قانون کو کسانوں کیلئے نقصاندہ قراردیا اور اسے ایک نامناسب اقدام سے تعبیر کیا۔کویتا نے کہاکہ دھرانی پورٹل تلنگانہ کے کسانوں کی اراضیات کے تحفظ کیلئے ایک مضبوط نظام ہے۔کونسل میں بھو بھارتی بل پر بحث کے دوران کویتا نے کہاکہ دھرانی کے نفاذ کے بعد اراضیات پر غیر مجاز قبضہ جات اور دھوکہ دہی کے واقعات کا خاتمہ عمل میں آیاتھا اور اس مضبوط نظام کو ختم کرنے کی کوشش کرنے والی کانگریس حکومت کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔کویتا نے حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ دھرانی کو ختم کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل میں اضافہ کررہی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات روبہ عمل لائے اور دھرانی جیسے موثر نظام کو برقراررکھے۔