بھوج شالہ معاملہ: سپریم کورٹ سے مسلم فریق کو کوئی راحت نہیں ، ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کی ہدایت

   

نئی دہلی : یکم اپریل (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے دھار میں واقع تاریخی ’بھوج شالہ‘ تنازعہ میں مسلم فریق کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے مسلم عرضی گزاروں کو فی الحال مدھیہ پردیش ہائی کورٹ بھیج دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اے ایس آئی سروے کی رپورٹ اور ویڈیو گرافی پر اعتراضات کے حوالے سے داخل عرضی میں دخل دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہائی کورٹ ان تمام پہلوؤں پر غور کرے گی۔‘‘مسلم فریق کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سی جے آئی سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیہ باغچی اور جسٹس وپل ایم پنچولی کی بنچ نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے 16 مارچ کے اس حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست پر غور کرنے سے منع کر دیا، جس میں 2 اپریل سے باقاعدہ سماعت اور جائے وقوعہ کے معائنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ مسلم فریق کی دلیل ہے کہ انہیں اے ایس آئی کی سروے رپورٹ اور ویڈیو گرافی پر اپنے اعتراضات درج کرانے کا موقع نہیں ملا۔