شہر اور مضافات میں اراضیات پر ناجائز قبضے، سی پی آئی لیڈر عزیز پاشاہ اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد اور اس کے اطراف کے مواضعات میں بھودان اراضی کی بے گھر غریب خاندانوں میں تقسیم کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا چوک پر احتجاج کے ذریعہ حکومت سے مانگ کی گئی۔ سی پی آئی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے دھرنے کا آغاز کیا جبکہ شنکر نائک نے صدارت کی۔ عزیز پاشاہ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بے گھر غریبوں کو اراضی الاٹمنٹ میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے مضافات میں بھودان کی اراضیات موجود ہیں جن پر مفادات حاصلہ نے قبضہ رکھا ہے۔ اراضی کا کچھ حصہ ریونیو حکام اور سرکاری عہدیداروں کی لاپرواہی کے نتیجہ میں غیر مجاز قبضوں کے تحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1951 میں آچاریہ ونوبا بھاوے نے بھودان تحریک کا آغاز کیا تھا اور وی رام چندرا ریڈی نے پوچم پلی موضع میں جملہ 900 ایکر اراضی کا عطیہ دیا تھا۔1