میناکشی نٹراجن ، بھٹی وکرمارکا ، بوس راجو اور شیخ عبداللہ سہیل کی شرکت
حیدرآباد۔14۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بھودان پوچم پلی سے آج سرودیا سنکلپ پد یاترا کا آغاز ہوا۔ سابق رکن پارلیمنٹ اور راجیو گاندھی پنچایتی سنگٹھن کی صدرنشین میناکشی نٹراجن نے پد یاترا کا افتتاح کیا ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو ، رکن اسمبلی سیتکا ، اے آئی سی سی مہم کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ ، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، پردیش کانگریس کمیٹی مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل ، کنوینر تشہیری کمیٹی عظمت اللہ حسینی ، راجیو گاندھی پنچایت سنگٹھن کے صدرنشین سدیشور کے علاوہ دیگر قائدین نے پد یاترا میں حصہ لیا۔ اس موقع پر بھودان اراضیات کی غریبوں میں تقسیم کے لئے جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا ۔ پد یاترا 600 کیلو میٹر کی مسافت طئے کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے سیواگرام پہنچے گی جہاں سے آچاریہ ونوبا بھاوے نے بھودان تحریک کا آغاز کیا تھا ۔ حکومتوں کی جانب سے بھودان اراضیات کو حاصل کرلیا گیا ہے جبکہ بھودان تحریک کا مقصد غریبوں میں اراضی کی تقسیم تھا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کے مطابق پد یاترا رنگا ریڈی ، کاما ریڈی اور عادل آباد سے گزر کر مہاراشٹرا میں داخل ہوگی۔ مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ غریبوں میں اراضیات کی تقسیم تک کانگریس پارٹی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ر