بھودان پوچم پلی کو بیسٹ ٹورازم ولیج ایوارڈ چیف منسٹر کو وزیر سیاحت نے ایوارڈ حوالے کیا

   

حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارہ نے بھونگیر ضلع کے بھودان پوچم پلی گاؤں کو بیسٹ ٹورازم ولیج کے طور پر منتخب کرتے ہوئے اعزاز سے نوازا ہے۔ دنیا بھر میں 75 ممالک کے 170 مقامات نے ایوارڈ کیلئے اپنی دعویداری پیش کی تھی۔ ہندوستان سے 3 گاؤں امیدواری کے طور پر منتخب کئے گئے ان میں سے بھودان پوچم پلی کو ’ بیسٹ ٹورازم ولیج‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ریاستی وزیر سیاحت وی سرینواس گوڑ نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی جانب سے دیا گیا ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر محکمہ سیاحت کے منیجنگ ڈائرکٹر بی منوہر راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر نے وزیر سیاحت کی شال پوشی کی۔ چیف منسٹر نے ریاست میں سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ سیاحت کی ستائش کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پوچم پلی کی طرح ریاست کے کئی ایسے علاقے ہیں جنہیں سیاحتی مراکز کے طور پر ترقی دی جاسکتی ہے۔ وزیر سیاحت نے چیف منسٹر کو ریاست میں سیاحت کے فروغ سے متعلق منصوبہ سے واقف کرایا۔ر