بھوسگہ تالاب گلبرگہ کو خوبصورت بنانے پروجیکٹ

   

رپورٹ تیار کرنے وزیر شہری ترقیات کی ہدایت
گلبرگہ 17جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر شہری ترقیات کرناٹک مسٹر بی اے بسواراج نے منگل کے دن کمشنر گلبرگہ اربن ڈیولپمینٹ اتھارٹی کو ہدایت دی کہ وہ شہر گلبرگہ کو کئی برسوں تک پینے کا پانی سربراہ کرنے والے بھوسگہ تالاب کو خوب صورت بنانے کے لئے اندرون 15یوم پروجیکٹ رپورٹ تیار کریں۔ انھوں نے کہا ہیکہ بینی تھورا پروجیکٹ اور بھما ندی سے جو پانی گلبرگہ کو سربراہ کیا جارہا ہے، اگر اس سربراہی میں کوئی مسئلہ کھڑا ہوجائے تو اس صورت میں بھوسگہ تالاب سے گلبرگہ کو سابق کی طرح متبادل کے طور پر پانی سربراہ کیا جاسکتا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اول ترجیح پینے کے پانی کی سربراہی کو دی جانی چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ گلبرگہ کو نواحی علاقہ میں واقع 8ooایکڑ پر مشتمل خواجہ کوٹنورتالاب کو بھی بہتر اور کار آمدبنایا جاسکتا ہے۔ وزیر شہری ترقیات نے صحافتی کانفرینس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر گلبرگہ کو چوبیسوں گھنٹے پانی کی سربراہی کے لئے 838کروڑ روپیوں کو پروجیکٹ منظور کیا گیا ہے ۔ اس پروجیکٹ کے لئے عالمی بینک مالی امداد حاصل ہے اور کام جلد ہی شروع کردئے جائیں گے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کی تاریخ میںوسعت کی جاسکتی ہے لیکن ٹیکس میں کوئی کمی نہیںکی جائے گی ۔ انھوں نے بتایا کہ جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کی مدت میں تین ماہ کی وسعت دی گئی ہے اور ضروررت پڑنے پر اس میں مزید دو ماہ کی وسعت دی جاسکتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مقامی مجالس اور میونسپل کارپوریشن کے ترقیاتی کاموں کا انحصار جائیداٹیکسوں کی وصولی اور اس کے جمع ہونے پر ہوتا ہے۔