’بھولیں گے نہ معاف کرینگے، پلوامہ حملے کا انتقام لیں گے‘ سی آر پی ایف کا عہد

   

نئی دہلی 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سی آر پی ایف نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں ہوئے ایک بدترین دہشت گرد حملے میں اپنے 40 اہلکاروں کی ہلاکتوں کو وہ ہرگز معاف یا فراموش نہیں کریں گے بلکہ اس کا انتقام لیا جائے گا۔ ملک کی سب سے بڑی نیم فوجی فورسیس نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا ہے کہ ’ہم ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ ہم ہرگز فراموش نہیں کریں گے‘۔ اس نے سوشیل میڈیا پر مزید لکھا کہ ’پلوامہ حملے کے شہیدوں کو ہم سلام کرتے ہیں۔ اس سفاکانہ حملے کا انتقام لیا جائے گا۔ سی آر پی ایف نے مزید لکھا کہ ’دہشت گرد حملے میں شہید سپاہیوں کی یاد میں اس فورسیس کے تمام شعبوں میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی اور جمعہ کو اس کا پرچم نصف بلندی پر لہرایا گیا‘۔ وادی کشمیر میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرکوبی کی مہم میں قیادت کے لئے اس طاقتور نیم فوجی فورسیس کے زائداز تین لاکھ اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ان میں تقریباً 60,000 اہلکار (60 بٹالین) اس ریاست کی داخلی سکیورٹی انتظامات کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔