بھول بھولیا 3 اور سنگھم اگین کے تصادم سے تاجر پریشان

   

ممبئی ۔ اس سال دیوالی کے موقع پر پٹاخوں کے ساتھ ساتھ دو بڑی فلمیں بھی جلوہ گر ہونے والی ہیں۔ وہ دو فلمیں کارتک آرین کی بھول بھولیا 3 اور اجے دیوگن کی سنگھم اگین ہیں۔ دونوں فلمیں یکم نومبرکو ریلیز ہو رہی ہیں۔ جہاں ایک طرف شائقین کو ان دونوں فلموں کا انتظار ہے وہیں دوسری طرف فلم کے ڈسٹری بیوٹرز اور پروڈیوسرز اس کی تجارت سے پریشان ہیں۔ وہ کسی بھی طرح سے فلموں کے تصادم سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ اگر تصادم ہوا تو دونوں فلموں کو نقصان ہوگا۔ دریں اثنا پہلی بار بھول بھولیا 3 کے ہدایت کار انیس بزمی نے فلم کے تصادم کے بارے میں بات کی ہے۔ انیس نے کہا کہ فلموں کا تصادم کبھی بھی اچھا خیال نہیں تھا، ہم نے پہلے ہی فلم کی ریلیزکی تاریخ کا اعلان کردیا تھا، جس کے بعد اب اس صورتحال میں کچھ کرنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے اجے دیوگن سے اس تصادم کے بارے میں بات کی ہے، جس پر انیس نے جواب دیا میں کیوں بات کروں؟ یہ ایک کاروباری فیصلہ ہے، جس پر پروڈیوسر کے درمیان بات ہونی چاہیے اور میں ڈائریکٹر ہوں۔ سنگھم اگین کی ٹیم فلم کو دیوالی پر ریلیزکرنے پر زور دے رہی ہے۔ حالانکہ ہم نے بھول بھولیا 3 کی تاریخ کا اعلان ایک سال پہلے ہی کر دیا تھا، لیکن اب اس کے لیے کیا کیا جا سکتا ہے۔ مزید کہا کہ دونوں فلمیں بہت اچھی لگ رہی ہیں، جس کی وجہ سے ممکن ہے کہ دونوں فلمیں اچھی آمدنی جمع کریں۔ اجے، اکشے اور روہت، تینوں میرے اچھے دوست ہیں، وہ جانتے ہیں کہ انیس بھائی انہیں فلموں کی تاریخیں بدلنے کے لیے کبھی نہیں بلائیں گے۔ میں نے کبھی ایسا کچھ نہیں کیا، ہر فلم کی اپنی قسمت ہوتی ہے۔ کچھ عرصہ قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بھوشن کمار نے اس جھگڑے کے حوالے سے اجے دیوگن اور روہت شیٹی سے ملاقات کی تھی۔ کہا جا رہا تھا کہ یہ ملاقات فلم کی تاریخ بڑھانے کے لیے ہوئی تھی۔