بھومی پوجن میں بھاگوت کی موجودگی سی پی آئی کی مذمت

   

نئی دہلی:کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی)نے اجودھیا میں رام مندر کے بھومی پوجن تقریب کے وقت وزیراعظم کے ساتھ راشٹریہ سویم سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کی موجودگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آئین کی خلاف ورزی اور سیکولر کے اصول کے خلاف بتایا ہے ۔سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈاکٹر ڈی راجہ نے یہاں ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے گزشتہ سال پانچ اگست کو جموں کشمیر سے جڑے آئین کے آرٹیکل370 کو ہٹا کر اور پھر کل پانچ اگست کو ایودھیا میں بھومی پوجن تقریب کا انعقاد کر کے سنگھ پریوار کے ایجنڈے کو نافذ کرنے کا کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2014 میں بی جے پی جب سے حکومت میں آئی ہے اور مسٹر نریندر مودی وزیراعظم بنے ہیں تب سے وہ ملک میں سنگھ کے ایجنڈے کو نافذ کررہی ہے ۔پہلے اس نے جموں کشمیر کو تقسیم کیا اور ابھی وہاں کے لوگ جیلوں میں ہیں اور کل اس نے موہن بھاگوت اور اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ بھومی پوجن کر کے سنگھ پریوار کے ہندو راشٹر کے ایجنڈے کو پورا کیا ہے ۔مسٹر راجہ نے کہا ہے کہ آئین ہند اس بات کی واضح طورپر نشاندہی کرتا ہے کہ ہماراملک ایک سیکولر ملک ہے۔