کسانوں کے خلاف غیر ضمانتی مقدمات واپس لینے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔یکم جون (سیاست نیوز) بھونگیر ضلع میں پولیس نے کل احتجاجی کسانوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا جس کے خلاف کانگریس پارٹی نے سخت احتجاج کیا۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ جیل میں محروس کسانوں سے ملاقات کے لئے بھونگیر پہنچے لیکن جیل حکام نے محروس کسانوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جس پر ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے جیل کے باہر دھرنا منظم کیا۔ کچھ دیر تک احتجاج کے بعد جیل حکام نے کسانوں سے ملاقات کی اجازت دی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ مقامی رکن اسمبلی کی جانب سے غریبوں کو الاٹ کردہ اراضی پر ناجائزہ قبضہ کے باوجود چیف منسٹر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ملک میں کسانوں کی حکمرانی کا اعلان کر رہے ہیں لیکن تلنگانہ میں کسانوں کی حالت ابتر ہے۔ احتجاج کرنے والے کسانوں پر مقدمہ درج کرتے ہوئے جیلوں میں بند کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کسانوں کی رہائی اور مقدمات سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ ر