بھونگیر ضلع کانگریس صدر بی آر ایس میں شامل

   

رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے رویہ پر تنقید کے بعد اقدام

حیدرآباد ۔24۔ جولائی (سیاست نیوز) بھونگیر میں رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے خلاف ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر نے بغاوت کردی اور چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کے بعد بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ بھونگیر ضلع کے صدر کے انیل کمار ریڈی نے وینکٹ ریڈی کے رویہ پر سخت تنقید کی۔ ضلع میں سینئر قائدین کے اجلاس کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ صدر ضلع کانگریس نے کہا کہ پارٹی کے استحکام کیلئے یہ اجلاس طلب کیا گیا لیکن وینکٹ ریڈی رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وینکٹ ریڈی کو کبھی بھی پسماندہ طبقات کا خیال نہیں آیا اور انہوں نے ہمیشہ اپنے افراد خاندان کیلئے ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اجلاس میں کانگریس ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ بھونگیر اسمبلی نشست پر بی سی امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے ۔ انیل کمار ریڈی نے رکن پارلیمنٹ کے خلاف ہائی کمان سے شکایت کرنے کا اعلان کیا۔ اسی دوران انیل کمار ریڈی بھونگیر سے سیدھے پرگتی بھون پہونچے اور چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔اطلاعات ہیکہ انہیں بھونگیر پارلیمانی حلقہ سے ٹکٹ دیا جاسکتاہے ۔