حیدرآباد ۔19۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ضلع بھونگیر (یادادری) کے حاجی پور میں گزشتہ چند ماہ قبل لڑکیوں کی عصمت ریزی کر کے قتل کردینے کے پیش آئے سلسلہ وار واقعات سے متعلق فاسٹ ٹریک کورٹ میں جاری سماعت کو 26 ڈسمبر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا اور بتایا جاتا ہے کہ 26 ڈسمبر کو ملزم سرینواس ریڈی کا فاسٹ ٹریک کورٹ میں بیان قلمبند کیا جائے گا جبکہ اس سلسلہ وار عصمت ریزی و قتل کے پیش آئے واقعہ سے متعلق کیس کی سماعت گزشتہ دو ماہ سے فاسٹ ٹریک کورٹ نلگنڈہ میں جاری ہے اور اب تک ہی فاسٹ ٹریک کورٹ میں 300 افراد (گواہان) کے بیانات قلمبند کئے جاچکے ہیں جبکہ پولیس نے فارنسک رپورٹ ، سیل ٹاؤر لوکیشن سے متعلق مکمل رپورٹس کے علاوہ اہم گواہوں کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں پیش کئے۔ اس طرح اس کیس میں قطعی فیصلہ سے متعلق ہر کسی میں تذبذب و تجسس پایا جاتا ہے ۔ اسی دوران دشا عصمت ریزی و قتل کے پیش آئے واقعہ کے بعد اس واقعہ میں ملوث پائے جانے والے چار ملزمین کو پولیس کی جانب سے انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا گیا ۔ لہذا اسی خطوط پر حاجی پور عصمت ریزی و قتل کے پیش آئے سلسلہ وار واقعات کے ملزم سرینواس ریڈی کو کم از کم پھانسی کے ذریعہ ہلاک کرنے کا مختلف گوشوں سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ 26 ڈسمبر کو ملزم سرینواس ریڈی کا بیان قلمبند کرنے کے بعد توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک اس کیس سے متعلق فیصلہ سنایا جائے گا۔