ہنمنت راؤ کی تجویز، چیف منسٹر کے پاس سادھوؤں کیلئے وقت لیکن متاثرین سے ملاقات کی فرصت نہیں
حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو مشورہ دیا کہ بھونگیر کے حاجی پور میں عصمت ریزی و قتل کے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یگانگت کے لئے ایک دن طویل احتجاج منظم کیا جائے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہاکہ اترپردیش میں بی جے پی رکن اسمبلی کی جانب سے لڑکی کی عصمت ریزی کا معاملہ ملک بھر میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے ثبوت مٹانے کے لئے حادثہ کے نام پر متاثرہ خاتون کو ہلاک کرنے کی کوشش کی۔ اُناؤ عصمت ریزی معاملہ سپریم کورٹ تک پہونچ چکا ہے اور ہر گوشہ سے بی جے پی کی مذمت کی جارہی ہے۔ اترپردیش میں 10 آدی واسیوں کو ہلاک کئے جانے کے معاملہ میں پرینکا گاندھی نے متاثرین سے ملاقات کی کوشش کی تو اُنھیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حاجی پور ضلع بھونگیر میں 4 ماہ قبل 3 لڑکیوں کو ایک جنونی شخص سرینواس نے عصمت ریزی کے بعد قتل کردیا لیکن آج تک اِس معاملہ کو قومی سطح پر پیش نہیں کیا جاسکا۔ چیف منسٹر کے سی آر اور اُن کے کسی وزیر نے پسماندگان کو پرسہ دینے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم نہیں کی گئی۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ کے سی آر کو سادھوؤں، سنتوں سے ملاقات اور رشتہ داروں کے انتقال پر پرسہ دینے کے لئے وقت ہے۔ ریاستی وزیر نرنجن ریڈی کی والدہ کی 10 روزہ رسومات میں شرکت کے لئے وہ محبوب نگر گئے لیکن اُن کے پاس حاجی پور کے متاثرین سے ملاقات کے لئے وقت نہیں ہے۔ اُنھوں نے اتم کمار ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ حاجی پور کے مسئلہ کو قومی سطح پر پیش کرنے کے لئے پردیش کانگریس کے عہدیداروں کے ساتھ ایک دن کا اجلاس حاجی پور میں منعقد کریں۔ 15 اگسٹ سے قبل یہ اجلاس منعقد کیا جائے اور دن بھر حاجی پور میں قیام سے نہ صرف متاثرین کو حوصلہ ملے گا بلکہ کے سی آر ایکس گریشیاء کی ادائیگی پر مجبور ہوں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ تلنگانہ میں کسانوں کو ہتھکڑی پہنائی گئی، دلتوں پر مظالم ڈھائے گئے اور انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں پر 26 طلبہ نے خودکشی کرلی لیکن کانگریس پارٹی نے کسی بھی مسئلہ پر شدت سے احتجاج نہیں کیا ہے۔ اُنھوں نے حاجی پور کے ملزم کو پھانسی کی سزا کا مطالبہ کیا اور کہاکہ اسی طرح کے ایک معاملہ میں چینائی ہائیکورٹ نے ملزم کو دو مرتبہ پھانسی کی سزا سنائی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر کو بے حسی سے جگانے کا واحد راستہ یہی ہے کہ کانگریس پارٹی حاجی پور میں احتجاج منظم کرے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس ایک قومی جماعت ہے اور اِس طرح کے احتجاج سے اُس کا امیج بڑھے گا اور وہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی سے بہتر انداز میں مقابلہ کرپائے گی۔
