بھونگیر میں کسان پولیس ہراسانی کا شکار

   

انصاف رسانی پر زور، انسانی حقوق کمیشن میں فریاد
حیدرآباد۔/27 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سیول معاملات میں پولیس کی مداخلت اور جانبدارانہ کارروائی کے خلاف بھونگیر کے کسان آج ریاستی انسانی حقوق کمیشن سے رجوع ہوئے۔ تقریباً ایک درجن کسانوں نے کمیشن کے صدر نشین سے انصاف رسانی کا مطالبہ کیا اور پولیس کے رول پر کارروائی کی درخواست کی۔ کسانوں نے جومقامی نریندر ریڈی کے خوف سے پریشان ہیں نارائن پور پولیس پر الزام لگایا کہ پولیس اس نریندر ریڈی کے اشاروں پر انہیں ہراساں کررہی ہے اور آئے دن گرفتار کرتے ہوئے انہیں پولیس زدوکوب کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ناجائز مقدمات میں انہیں پھانستے ہوئے اراضی سے دستبردار ہونے کے لئے دباؤ ڈالنے کا ان کسانوں نے پولیس پر الزام لگایا۔ کسانوں نے اے ایس آئی شام سندرریڈی اور اے ایس آئی ناگاراجو کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جن کی ہراسانی سے تنگ آکر ایک کسان نے کیڑے مار دوا کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی اقدام کیا۔