بھونگیر ہائی وے پر سڑک کی توسیع کے کام میں درگاہ کو نقصان

   

صدر نشین وقف بورڈ نے تعمیر نو کی ہدایت دی، 28 مئی کو جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بھونگیر ہائی وے پر درگاہ حضرت کمال شاہ ؒ کے تحفظ کیلئے محکمہ مال اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے 28 مئی کو وقف بورڈ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا تاکہ درگاہ کے تحفظ اور اس کی حصار بندی کا کام انجام دیا جائے۔ گزشتہ دنوں ایک تیز رفتار لاری نے درگاہ کی دیوار کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں درگاہ کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔ اس سڑک کی توسیع کا کام جاری ہے۔ حکام نے موقع سے فائدہ اٹھاکر درگاہ کی اراضی توسیعی کام میں حاصل کرنے کی کوشش کی جس پر مقامی افراد نے احتجاج کیا۔ اطلاع ملنے پر صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کی ٹیم کو روانہ کیا اور پولیس اور ریونیو حکام کو درگاہ کے تحفظ کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ 28 مئی کے اجلاس میں درگاہ کی تعمیر نو اور حصار بندی کے منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ وقف بورڈ اپنے خرچ سے درگاہ کی حصار بندی کا کام انجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی توسیع کے کام میں درگاہ کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور درگاہ کے ساتھ اطراف کی اراضی کا تحفظ کیا جائے ۔