بھونیشور نے پاس ورڈ نہیں دیا تو بیوی نے فیس بک ہیک کرلیا

   

نئی دہلی۔24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) زیادہ تر ہندوستانی کھلاڑی سوشل میڈیا کے سبھی پلیٹ فارم پر متحرک ہیں لیکن فاسٹ بولر بھونیشور کمار ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے فیس بک پرکافی وقت کے بعد اسے چھوڑ دیا۔ فیس بک سے دوری کے ضمن میں بھونیشورکمار نے انکشاف کیا ہے کہ آخر انہوں نے کس وجہ سے فیس بک کا استعمال کرنا چھوڑدیا۔دراصل کرک بز کے ایک شو اسپائس پچ میں بھونیشور اور ان کی اہلیہ نے انکشاف کیا۔ہندوستانی بولر کی بیوی نوپور نے کہا کہ وہ اچانک ٹویٹر پر آئے اور جب انہوں نے بھونیشور سے ان کا فیس بک پاس ورڈ مانگا تو انہوں نے ڈائیلاگ مارکر پاس ورڈ دینے سے انکار کردیا۔ بھونیشور نے کہا کہ جب اہلیہ نے پاس ورڈ مانگا تو انہوں نے صرف ایک ہی بات کہی تھی کہ اسپیس دینا ضروری ہوتا ہے۔ بیوی بھی آسانی سے اس بات کو مان گئی اور یہ دیکھ کر وہ حیران بھی رہ گئے تھے لیکن اگلے دن ان کی اہلیہ آئیں اور کہا کہ یہ رہا آپ کا فیس بک پاس ورڈ ۔اس وقت بھونیشور کوکچھ سمجھ میں نہیں آیا۔ ان کی اہلیہ نے ان کا فیس بک اکاونٹ ہی ہیک کرلیا تھا۔ اس دن کے بعد سے ہی انہوں نے فیس بک کا استعمال کرنا بند کردیا۔ نوپور نے انکشاف کیا کہ بھونیشور رات میں ایک گھنٹے پب جی کھیلنے کے عادی ہیں ، جس کی وجہ سے اکثر دونوں میں جھگڑا بھی ہوتا ہے اور پھر انہوں نے بھی لوڈو کھیلنا شروع کردیا۔وہیں بھونیشور نے کہا کہ وہ ایک گھنٹہ ان کا خود کا ہوتا ہے۔ نوپور کے مطابق وہ بھووی کو چیزیں سنبھالنے کیلئے کافی ڈانٹتی بھی ہیں بھونیشور کمارکو شرمیلے انداز کیلئے جانا جاتا ہے لیکن ان کی لو اسٹوری 13 سال کی عمر میں ہی شروع ہوگئی تھی۔ اس پر نوپور نے کہا کہ 13 سال کی عمر میں کوئی اسٹوری شروع نہیں ہوئی تھی۔ اس وقت تو وہ لوگ پہلی مرتبہ ملے تھے۔نوپور نے کہا کہ 13 سال کی عمر میں تو ان کا رشتہ بھائی بہن جیسا تھا حالانکہ بھونیشور کمار نے کہا کہ ان کا کرش تو نوپور پہلے سے ہی تھی لیکن نوپور کو یہ بعد میں پتہ چلا کیونکہ دونوں ساتھ میں کھیلا کرتے تھے۔