بھوٹان کی قیادت کا دورۂ ہند

   

نئی دہلی 3 ستمبر (یواین آئی) بھوٹان کے جی کھنپو، چیف ایبٹ ٹرولکو جگمے چوڈرا اور بھوٹان کے وزیر اعظم داشو شیرنگ توبگے چہارشنبہ کو چار روزہ سرکاری دورہ پر ہندوستان پہنچ رہے ہیں جہاں وہ جمعرات کو بہار کے راجگیر میں رائل بھوٹان مندر کی پران پرتیشٹھا کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ بھوٹان کے وزیر اعظم کے ساتھ ان کی اہلیہ اوم تاشی ڈوما بھی ہیں۔ یہ سبھی آج سیدھے بہار کے گیاجی پہنچیں گے ۔ وزارت خارجہ نے آج کہا کہ پران پرتشٹھا تقریب کے بعد بھوٹانی وزیر اعظم ایودھیا میں شری رام مندر بھی جائیں گے ۔ راجگیر میں واقع بھوٹان کے شاہی مندر کی پران پراتشٹھا ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان بدھ مت کے مشترکہ روحانی اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔
اس مندر کیلئے زمین بہار حکومت نے فراہم کی ہے ۔ جے کھنپو اور بھوٹان کے وزیر اعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کی روایت کے عین مطابق ہے ، جو اس خصوصی شراکت داری کی علامت ہے ۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ٹوبگے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ ٹوبگے جمعرات کو گیاجی میں مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے ۔ وہ جمعہ کی صبح ایودھیا جائیں گے اور دوپہر کو دارالحکومت دہلی کیلئے روانہ ہوں گے ۔ شام میں ڈاکٹر جے شنکر سے ملاقات کے بعد ٹوبگے ہفتہ کو بھوٹان کیلئے روانہ ہوں گے ۔ ٹوبگے اس سال فروری میں ہندوستان کے سرکاری دورے پر آئے تھے ۔ انہوں نے ‘اسکول آف الٹیمیٹ لیڈرشپ’ کانفرنس میں شرکت کی تھی۔ بعد میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی تھی۔