حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( راست ) : پاکستان کے پہلے بائیں بازو کے وزیر خزانہ ڈاکٹر مبشر حسن کا آج لاہور میں بعمر 99 سال انتقال ہوگیا ۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی کابینہ میں وزیر تھے ۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رکن بھی تھے ۔ وہ کچھ عرصہ سے عارضہ تنفس میں مبتلا تھے ۔ ڈاکٹر مبشر حسن اعلیٰ سائنس تعلیم اور سوشلسٹ سیاسی نظریات کے باعث ایک کہنہ مشق سیاستداں کے طور پر سیاست میں نمایاں مقام رکھتے تھے ۔ وہ 22 جنوری 1922 کو ہندوستان کے شہر پانی پت میں پیدا ہوئے تھے ۔ 1947 میں پنجاب یونیورسٹی سے سیول انجینئرنگ کے بعد امریکہ میں ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔ 1967 میں ذوالفقار علی بھٹو نے ڈاکٹر مبشر حسن کی رہائش گاہ میں چند ساتھیوں کیساتھ مل کر پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی ۔۔