بھوٹیا نے مالک مکان کے خلاف مقدمہ درج کرایا

   

سلی گوڑی۔17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان بائچنگ بھوٹیا نے مغربی بنگال کے سلی گوڑی میں ایک مالک مکان کے اس کے کرایہ دار کو لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے نکالنے پر پولیس میں شکایت درج کروائی ہے ۔سکم کی رہنے والی اتھنا لبوکو ہلکا بخار تھا جس کے بعد اس کے مالک مکان نے اس سے گھر خالی کرنے کے لئے کہا۔ اتھنا تین چارگھنٹوں تک بغیر کسی مدد کے ادھر ادھر بھٹکتی رہی۔ حالات کی جانکاری ہونے کے بعد بھوٹیا اپنے دوستوں کے ساتھ اسے دواخانہ لے گئے اور اسے وہاں داخل کرایا۔ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی کومحض عام سا بخار تھا جس کے بعد وہ واپس اپنے گھر لوٹ گئی لیکن مالک مکان نے ایک بار پھر اسے یہاں رہنے سے انکار کر باہر نکال دیا۔بھوٹیا اور ان کے دوستوں نے لڑکی کو میڈیکل مدد فراہم کی اور ہوٹل میں ٹھہرنے کا انتظام کیا۔ لڑکی کے ٹھیک ہونے کے بعد وہ دوبارہ اپنے گھر رہنے گئی تو مالک مکان نے اسے لاک ڈاؤن کے بعد واپس آنے کے لئے کہہ کر اسے گھر میں گھسنے نہیں دیا۔فٹبالر اور ھمرو سکم پارٹی کے بانی بھوٹیا نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایسے مشکل وقت میں بھی لوگ ایک دوسرے کی مدد نہیں کر رہے ہیں۔ یہ لڑکی سکم سے آئی ہے اور اس نے کافی دردناک وقت کا سامنا کیا ہے ۔ میں نے پولیس سے سے رابطہ کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ اسے انصاف ملے گا۔