بھوپال میں آج سے 10 دن لاک ڈاؤن کا اعلان

,

   

اشیائے ضروریہ کی بغیر کسی رکاوٹ سربراہی کا تیقن : چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان

بھوپال۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے بھوپال میں 24 جولائی کی رات سے 10 دن کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اس مدت کے دوران اشیائے ضروریہ کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ریاست میں 157 نئے کیسیس آج ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ اس طرح کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4,669 ہوگئی ہے۔ جبکہ اس وباء سے مرنے والوں کی تعداد 144 ہے۔ بھوپال میں کورونا کی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے جمعہ 24 کی رات 8 بجے سے لاک ڈاؤن نافذ کیا جارہا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے آج میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چیف منسٹر نے لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے ضروریہ بشمول پھل ، سبزی ، ادویات ، دودھ وغیرہ کی سربراہی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ بھوپال میں آنے اور بھوپال سے جانے کیلئے فری پاسیس ضروری ہوں گے جیسا کہ قبل ازیں لاک ڈاؤن میں کیا گیا تھا۔ دوسری طرف کانگریس نے تہوار کے سیزن میں اچانک لاک ڈاؤن کے اعلان پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ بقرعید کے موقع پر لاک ڈاؤن کے اعلان سے مسلمانوں کو قربانی و دیگر اُمور میں مشکلات پیش آئیں گی۔