بھوپال میں تبلیغی اجتماع، تیاریاں مکمل

   

بھوپال،20نومبر(سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے ایٹ کھیڈی میں 22 نومبر سے شروع ہونے والے اجتماع کے سلسلے میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ گھانسی پورہ اینٹ کھیڑی میں 72 واں عالمی تبلیغی اجتماع 22 سے 25 نومبرتک منعقد کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پروگرام میں سکیورٹی کے پیش نظر اجتماع گاہ اور شہر کے مختلف مقامات، بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن وغیرہ پر ناکہ بندی اور بیریکیڈنگ کرکے مشتبہ افراد اور خصوصی طور پر سنجیدگی سے باہری گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے ۔ ساتھ ہی ہوٹل، لاج، دھرمشالہ اور رَین بسیرا وغیرہ کی بھی چیکنگ کی جارہی ہے ۔ اجتماع کے دوران سکیورٹی انتظام کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں اے ۔باہری انتظام، بی۔داخلی انتظام، سی۔پٹرولنگ پارٹی اور ڈی دیگر انتظام۔ سکیورٹی انتظام اور تعاون کے نقطہ نظر سے 22 اہم مقامات پر مستقل طور پر پولیس تعاون مراکز بنائے گئے ہیں۔اس کے تحت بم ڈِسپوزل اور ڈاگ اسکوائڈ ٹیم کی جانب سے اجتماع گاہ اور اس کے آس پاس،پارکنگ کی جگہ، بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن وغیرہ بے حد حساس مقامات پر سنجیدگی سے چیکنگ ہورہی ہے جس میں شہر سے باہر آنے والی بسیں، مسافروں کے بیگ اور سامان وغیرہ کو چیک کیا جارہا ہے ۔ سکیورٹی کے انتظام میں ضلع فورس، ایس اے ایف، ایس ٹی ایف سمیت تقریباً چار ہزار افسران اور اہلکار 24 گھنٹے تعینات رہیں گے ۔ٹاوروں سے بھی پولیس اہلکار کی جانب سے سکیورٹی انتظام کی غرض سے نگرانی کی جائے گی، اجتماع پر بنائے گئے مستقل کنٹرول روم سے پورے اجتماع گاہ کے علاقے میں نصب شدہ 200 سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی رکھی جارہی ہے ۔ ساتھ ہی ڈرون کیمرے سے باہری علاقے میں مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ۔