بھوپال میں لوگوں کو بغیر بتائے ویکسین دی گئی، کئی لوگ بیمار

   

بھوپال : مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے ایک ہاسپٹل پر کوویڈ ویکسین لگانے کے فرضی انعقاد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ٹرائل میں شامل ہوئے لوگوں کا الزام ہیکہ پیوپلز ہاسپٹل نے دھوکے میں رکھ کر 600 سے زائد افراد پر ویکسین کا ٹرائل کیا۔ بعد میں کچھ لوگ بیمار پڑ گئے تو ان کی طرف کسی نے دیکھا تک نہیں اور وہ ہاسپٹل کے چکر ہی لگاتے رہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹرائل کیلئے بھوپال کی بستیوں سے لوگوں کو لایا گیا اور انہیں بغیر مطلع کئے گئے ویکسین دیا گیا جس کیلئے انہیں فی کس 750 روپئے بھی دیئے گئے۔ لوگوں کے بیمار پڑنے پر البتہ ان سے کاغذات واپس لے لئے گئے حالانکہ ہاسپٹل انتظامیہ نے الزامات کو مسترد کردیا ہے لیکن الزام عائد کئے جانے کے بعد ہاسپٹل کی ٹیم بستی پہنچی اور وہاں موجود لوگوں سے بات چیت کی جارہی ہے جس کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ اس سلسلہ میں بھوپال کے ودیشا روڈ پر شنکرنگر کا دورہ کیا جارہا ہے۔