بھوپال میں ویکسین ٹرائل میں حصہ لینے کے بعد ایک شخص فوت

   

بھوپال : کورونا وائرس کی دیسی ویکسین کیلئے ٹرائل جاری ہے۔ اس میں حصہ لینے والا ایک 42 سالہ شخص ویکسین لینے کے 12 دن بعد فوت ہوگیا۔ ڈاکٹروں نے شبہ ظاہر کیا کہ اس کی موت اس کے جسم میں زہر پھیل جانے کی وجہ سے ہوسکتی ہے۔ اس ویکسین کو بھارت بائیوٹیک نے تیار کیا ہے جس نے ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی جائزہ سے پتہ چلتا ہے کہ اس شخص کی موت کا کوویکسین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پیپلز میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے وائس چانسلر جو ایک خانگی ادارہ ہے جہاں اس ویکسین کا ٹرائل عمل میں لایا گیا تھا، ڈاکٹر راجیش کپور نے کہا کہ متوفی دیپک ماروی نے 12 ڈسمبر کو ویکسین ٹرائل میں حصہ لیا تھا اور وہ 21 ڈسمبر کو فوت ہوگیا۔ مدھیہ پردیش میڈیکو لیگل انسٹیٹیوٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشوک شرما نے کہا کہ جن ڈاکٹروں نے اس شخص کا آٹوپسی کیا ، انہیں شبہ ہے کہ یہ شخص زہر کی وجہ سے فوت ہوا ہے لیکن اس کی موت کی اصل وجہ کا اسی وقت پتہ چلے گا جب اس کا Viscera Test کروایا جائے گا۔ بھارت بائیو ٹیک نے کہا کہ متوفی دیپک نے ویکسین ٹرائل میں حصہ لینے سے پہلے تمام قواعد کی تکمیل کی تھی اور ٹرائل کے مرحلہ سوم میں حصہ لینے کو قبول کیا تھا۔ وہ صحت مند تھا۔