بھوپال میں گربا پروگراموں میں داخلے سے پہلے شناختی کارڈ لازم

   

بھوپال، 23 ستمبر (یو این آئی): شاردیہ نوراتر کے دوران مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ہونے والے گربا پروگراموں میں داخلے کے لیے شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔ کلکٹر کوشلیندر وکرم سنگھ نے کل رات اس سلسلے میں ہدایت جاری کیں۔ ہدایت کے مطابق گربا ڈانڈیا اور دیگر ثقافتی پروگرام منعقد کرنے والی انتظامیہ کمیٹی کسی بھی شخص کو شناختی کارڈ کی تصدیق کیے بغیر پروگرام میں داخلہ نہیں دے گی۔انتظامیہ کمیٹی کے ذریعے پروگرام کی جگہ پر سی سی ٹی وی کیمرا نصب کرنا لازمی ہوگا۔ مزید برآں کوئی بھی شخص پروگرام کی جگہ پر مشتبہ / قابل اعتراض اشیاء یا تیز دھار ہتھیار لے کر نہیں آسکے گا، اور نہ ہی اس کا استعمال یا نمائش کر سکے گا۔ گربا پروگراموں میں شناخت چھپا کر داخل ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر یہ ہدایات اہم سمجھی جا رہی ہیں۔