بھوپال کی مساجد اب نالج سنٹر ، سماجی اصلاح کا عزم

   

Ferty9 Clinic

بھوپال: مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں مساجد کمیٹی کے زیر انتظام مساجد سے سماج میں تعلیمی اور سماجی بیداری لانے کا ایک خاکہ تیار کیا گیا ہے۔ مساجد میں نماز کی ادائیگی کے بعد وہاں آنے والے طلبہ کی ذہن سازی کا خاکہ تیار کیا جا رہا ہے۔ مساجدکا ذکر آتے ہی لوگوں کے ذہن میں یہی خیال آتا ہے کہ یہ وہ مقام ہے جہاں مسلمان نماز ادا کرتے ہیں ، مگر مساجد میں اب صرف نماز ادا کرنے کا کام نہیں ہوگا بلکہ مساجد سے علم کی ترسیل اور امت مسلمہ کو زیورعلم سے آراستہ کرنے کا بھی کام ہوگا۔ مساجد میں جدید قسم کی لائبریری قائم کرنے کے ساتھ مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے طلبہ کو مواد فراہم کرنے کا بھی کام کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش میں مساجد کمیٹی کا قیام ریاست بھوپال اور انڈین یونین کے درمیان طے شدہ انضمام ریاست کی رو سے عمل میں آیا تھا۔ مساجد کمیٹی کے ذریعہ دارالحکومت بھوپال کے ساتھ رائسین اور سیہور کی مساجد کا انتظام و انصرام دیکھنے کے ساتھ ان کے آئمہ وموذنین کو ماہانہ نذرانہ بھی ادا کیا جاتا ہے۔ مساجد کمیٹی کی زیر انتظام مساجد میں کچھ مساجد چھوٹی ہیں اور ان میں ایسا انتظام نہیں ہے کہ اس میں دوسرے کام کئے جاسکیں ، مگر زیادہ تر مساجد ایسی ہیں ، جو کئی منزلہ ہیں اور یہاں پر ان کے پاس کئی اداروں کیلئے انفرا اسٹرکچر دستیاب ہے۔